حیدرآباد، 2؍ ستمبر (پریس نوٹ)مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی، شعبہ
اسلامک اسٹڈیز کی جانب سے 3؍ستمبر بروز چہارشنبہ بوقت 3:30بجے دن،
یونیورسٹی کی مرکزی لائبریری کے آڈیٹوریم میں ایک توسیعی خطبے کا اہتمام
کیا جارہا ہے۔ اسلامی مطالعات کے مشہور امریکی اسکالر پروفیسر بروس لارینس
’’امریکہ کی مذہبی زندگی میں مسلم مہاجرین ‘‘ کے موضوع پر توسیعی خطبہ پیش
کریں گے۔ یونیورسٹی کے نائب شیخ الجامعہ محترم ڈاکٹر خواجہ محمد شاہد صدارت
فرمائیں گے۔ پروفیسر بروس لارینس،
ڈیوک یونیورسٹی ،شمالی کیرولینا،
امریکہ کے شعبہ مذہب کے سابق پروفیسر ہیں اور اس وقت’’ فاتح سلطان محمدواقف
یونی ورسٹی‘‘، استنبول(ترکی) کے تمدنی مطالعات کے شعبے سے منسلک ہیں۔وہ
اسلامی مطالعات کے حوالے سے امریکا اور یورپی ممالک میں وسیع شہرت رکھتے
ہیں۔اسلامی موضوعات پران کی متعدد اہم کتابیں شائع ہوکراہل علم کے حلقوں
میں مقبول ہوچکی ہیں۔ان کی کئی ایک کتابوں کا مختلف مشرقی و مغربی زبانوں
میں ترجمہ بھی ہوچکاہے۔ تمام اصحاب ذوق اور اہل علم سے شرکت کی درخواست کی
جاتی ہے۔